اتوار، 25 اپریل، 2021

گلگت ۔کورونا وائرس صورتحال، صوبائی حکومت نے شہری علاقوں میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا




کورونا وائرس صورتحال، صوبائی حکومت نے شہری علاقوں میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان محمد علی رندھاوا کے دستخطوں سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر کئی اہم فیصلے کیے ہیں جن میں شہری علاقوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے پر ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے پاک فوج تعینات کی جائے گی۔ سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی اداروں میں بارہویں جماعت تک اگر کورونا وائرس کے 5 فیصد مثبت کیسز رپورٹ ہونے کی صورت سکول مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔


تمام مارکیٹس اور بازار شام 6 بجے سے سحری تک بند کر دئے جائیں گے تاہم اس کا اطلاق میڈیکل سٹورز، پیٹرول پمپس اور ویکسین مراکز پر نہیں ہو گا۔

کھانے پینے کی تمام انڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔


ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی جبکہ اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد سواریوں کے ساتھ چلے گی۔


ہفتہ اور اتوار کے روز پولٹری، اور سبزی کی دکانیں بشمول میڈیکل سٹورز، پیٹرول پمپس، ویکسین مراکز کھلی رہیں گی تاہم دیگر دکانیں اور بازار بند رہیں گے۔



دفتری اوقات کار میں بھی کمی کی گئی ہے جس کے تحت تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سخت ایس او پیز کے ساتھ امور نمٹائیں گے۔

تمام تفریحی مقامات بھی بند کر دیئے گئے ہیں تاہم ان تفریحی مقامات میں چہل قدمی سخت ایس او پیز کے ساتھ کرنے کی اجازت ہو گی۔


ملازمین کے لئے50 فیصد کام گھر سے نمٹانے کی پالیسی بھی سامنے لائی گئی ہے۔


سیاحوں کو بھی پہلے سے متعین کردہ سخت ایس او پیز کے تحت سیاحت کے لئے گلگت بلتستان داخل ہونے کی اجازت ہو گی اور تمام سیاحوں کو کورونا کا نیگیٹو ٹیسٹ رپورٹ اپنے ساتھ لانا لازمی ہو گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

کمنٹ ضرور کریں