منگل، 21 اپریل، 2020

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی قائم پالیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سی ایم حفیظ الرحمن کی شرکت

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر تفتان میں زائرین کو ڈبلیو ایچ او کے ہدایت نامے کے مطابق قرنطینہ کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی۔گلگت بلتستان میں اب تک 2667 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جن میں سے 265 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں مریضوں کی صحت یابی کی شرح 78 فیصد ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 2 کورونا وائرس کے ٹیسٹنگ لیب فعال ہیں۔گلگت میں پرونشل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کورونا وائرس ٹیسٹ کیلئے لیباٹری کام کررہی ہے اور بلتستان میں سکردو سی ایم ایچ میں افواج پاکستان کے تعاون سے کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیب قائم کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے یہ 6ماہ انتہائی اہم ہوتے ہیں جس میں سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان آتی ہے اور گلگت بلتستان سے پھل ملک کے دیگر علاقوں کو بجھوائی جاتی ہے جس سے یہاں کے عوام کی معیشت جڑی ہوتی ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال میں گلگت بلتستان کے یہ دونوں اہم شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس کا مسئلہ دہشتگردی سے زیادہ پیچیدہ ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم اور وفاقی حکومت قومی ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو کورونا وائرس سے پیدا موجودہ صورتحال میں اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔ ٹی وی چینلوں پر بیٹھ کر تنقید کرنے کا وقت نہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہماری نمائندگی نہیں ہے لیکن ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ وزیر اعظم اب بھی تمام جماعتوں کے قائدین سے رابطہ کرکے اس ایشو پر مشترکہ بیانیہ سامنے لائیں۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں موجود نمائندے اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت اور بلتستان میں پی سی آر ٹیسٹنگ لیب کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ بہت جلد دیامر میں بھی پی سی آر ٹیسٹنگ لیب قائم کیا جارہاہے۔ گلگت بلتستان میں دیگر صوبوں کی طرح پرائیویٹ پی سی آر ٹیسٹنگ لیب نہیں ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ 100 فیصد مفت کیا جارہاہے۔ دیگر تمام صوبوں میں بھی کورونا وائرس کا مفت ٹیسٹ یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے جاسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تقریباً 3 ہزار کورونا وائرس کا ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جو زیادہ ہونے چاہئے تھے۔ دیگر صوبوں میں 5 ہزار اور10ہزار ٹیسٹ ہوئے جو آبادی کے لحاظ سے بہت کم ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں پیدا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ کافی عرصے تک پاکستان کو بھی اس وباء کا سامنا رہے گاجس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں بڑے پیمانے پر پرسنل پروٹیکشن کٹس اور ٹیسٹنگ کٹس کی خریداری کرنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ورلڈبینک اور ایشین بینک سے وفاقی حکومت کو کورونا وائرس سے متعلق جو امدادی رقم ملی ہے اس میں سے حکومت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر حکومت کو کچھ نہیں دیا گیا ہے۔ احساس پروگرام میں بھی گلگت بلتستان سے صرف 16 ہزار لوگوں کو چنا گیاہے جبکہ صوبائی حکومت 75 ہزار مستحقین میں راشن فراہم کررہی ہے۔ گلگت بلتستان کا احساس پروگرام میں شیئر بہت کم رکھا گیا ہے صرف 18 کروڑ روپے گلگت بلتستان کیلئے مختص کئے گئے ہیں جو بالکل ناکافی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ این ڈی ایم اے کا تعاون قابل تحسین ہے پرسنل پروٹیکشن کٹس اور ٹیسٹنگ کٹس فراہم کئے ہیں لیکن گلگت بلتستان میں پرسنل پروٹیکشن کٹس اور ٹیسٹنگ کٹس بڑے پیمانے درکار ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق آپریشنل سرگرمیوں کیلئے فنڈز درکار ہیں۔ حکومت گلگت بلتستان نے صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں کی بہتری کیلئے انڈومنٹ فنڈز قائم کئے تھے وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کے حوالے سے جاری آپریشن میں فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے مجبوراً ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ اور ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈز کو استعمال کیاجائے گا جس سے مستقبل میں یہ دونوں اہم شعبے متاثر ہوں گے۔ حکومت گلگت بلتستان کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ وفاقی حکومت آپریشنل سرگرمیوں کیلئے درکار فنڈز فراہم کرے جس کی ڈیمانڈ وفاقی حکومت کو بجھوائی گئی ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیرمملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے صوبائی حکومت کے اقداما ت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جس طرح تمام سیاسی قیادت ایک پیج پر تھی اسی طرح کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال میں اسی طرز کی قومی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ حکومتیں اس وباء سے بچاؤ کیلئے اپنے طور پراقدامات کررہی ہے لیکن قومی ہم آہنگی کا فقدان نظر آرہاہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

کمنٹ ضرور کریں